نئی دہلی ۔بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان پر گزشتہ رات ان کے گھر میں ایک نامعلوم شخص نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
اداکارہ کرینہ کپور کی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ان کے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جس کے دوران سیف علی خان زخمی ہو گئے۔ بیان میں مداحوں سے درخواست کی گئی کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں اور قیاس آرائیوں سے گریز کریں، کیونکہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
سیف علی خان کی ٹیم نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چوری کی کوشش کے دوران اداکار پر حملہ کیا گیا۔ انہیں کئی زخم آئے ہیں اور ان کی سرجری جاری ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی رات تقریباً 2 بجے پیش آیا۔ حملہ آور نے سیف کے ہاؤس ہیلپر سے جھگڑنے کے بعد سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ اس دوران سیف علی خان نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی، جس سے ان کے گردن، ہاتھ اور پیٹھ پر چوٹیں آئیں۔
پولیس نے بتایا کہ سیف علی خان کی گردن پر 10 سینٹی میٹر کا گہرا زخم ہے، جبکہ کل 6 زخم آئے ہیں، جن میں سے 2 گہرے ہیں۔ ان کی پیٹھ میں ایک تیز دھار چیز گھونپی گئی تھی، جسے آپریشن کے ذریعے نکال دیا گیا ہے۔
ممبئی پولیس نے ایک نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ باندرہ پولیس کے مطابق حملہ آور فرار ہو گیا ہے، لیکن اس کی تلاش جاری ہے۔