کراچی ۔ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے 2024ء سے 2030ء تک کے اپنے منصوبوں کا اعلان کیا ہے، جس میں ڈیجیٹل ٹولز، آن لائن تعلیمی پلیٹ فارمز اور ٹیلی میڈیسن کو شامل کیا گیا ہے۔ کراچی میں اس منصوبے کے اعلان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ یونیورسٹی نے مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے منصوبوں کی تیاری کی ہے، جن میں حاصل شدہ تجربات کے ساتھ ساتھ نئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے طریقوں کو اپنانے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔
پروفیسر قریشی نے مزید بتایا کہ ڈاؤ یونیورسٹی کے پانچ سالہ منصوبے میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور طبی تحقیق کو نصاب میں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ امتحانات کے طریقۂ کار میں بھی تبدیلی لائی جائے گی، خاص طور پر ریسرچ میں بہتری لانے کی کوشش کی جائے گی۔
پروفیسر سعید قریشی نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اسٹریٹجک پلان پیش کرنے والی سرکاری شعبے کی پہلی ہیلتھ یونیورسٹی ہے۔ اس اسٹریٹجک پلان کا آغاز 2018ء میں ہوا تھا، جس کا پہلا مرحلہ 2023ء میں مکمل ہوا، اور اب دوسرے مرحلے میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس، مشین لرننگ اور ورچوئل ریالٹی کو شامل کیا گیا ہے تاکہ جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ مریضوں کو بھی فائدہ پہنچایا جا سکے۔