راولپنڈی ۔بنگلہ دیش کے اعلیٰ دفاعی وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات کی اور جے ایف-17 تھنڈر طیاروں سمیت جدید جنگی آلات میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، بنگلہ دیش کا اعلیٰ سطحی دفاعی وفد ایئر ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملا۔ اس وفد کی سربراہی لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کر رہے تھے، جو بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف آفیسر ہیں۔
ملاقات کے دوران، ایئر چیف مارشل نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا اور مشترکہ تربیتی منصوبوں اور تعاون کے نئے مواقع پر زور دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نے پاکستان ایئر فورس کے جدید منصوبوں، اعلیٰ تکنیکی مہارت اور مقامی طور پر تیار کردہ دفاعی نظام کی تعریف کی۔
وفد نے جے ایف-17 تھنڈر جنگی طیاروں کی تیاری اور دیگر جدید عسکری سازوسامان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مضبوط کرنے، باہمی تعاون کو بڑھانے اور مشترکہ مفادات کو فروغ دینے کے عزم کی مظہر ہے۔