اسلام آباد۔وزارتِ اقتصادی امور کے مطابق، عالمی بینک آئندہ 10 سالوں میں پاکستان کو 20 ارب ڈالرز کا قرض فراہم کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ قرض عالمی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے 14 جنوری کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، اور منظوری کے بعد عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن ریسر کے اسلام آباد کے دورے کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔
عالمی بینک نے کراچی کے فراہمی و نکاسیٔ آب کے منصوبوں کے لیے پہلے ہی 24 کروڑ ڈالرز کا قرض منظور کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اس قرض پروگرام کے تحت 10 سال کے اہداف متعین کیے گئے ہیں، اور یہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک 2025-2035 کے تحت فراہم کیا جائے گا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد اہم مگر نظرانداز شدہ شعبوں میں بہتری لانا ہے۔
وزارتِ اقتصادی امور کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ قرض کے تحت منصوبے سیاسی تبدیلیوں سے محفوظ رہیں گے اور ان پر مستقل توجہ دی جائے گی۔
علاوہ ازیں، عالمی بینک کے دو ذیلی ادارے اضافی 20 ارب ڈالرز کے نجی قرضوں کے حصول میں مدد فراہم کریں گے، جس سے مجموعی پیکیج 40 ارب ڈالرز تک پہنچ جائے گا۔