اسلام آباد ۔عالمی بینک کی جانب سے داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے ایک ارب ڈالر کے نئے قرض کی منظوری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کی مجموعی لاگت میں 190.1 فیصد اضافہ ہو کر یہ 1700 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس اضافے کی وجوہات میں زمین کے حصول میں تاخیر، سیکیورٹی کے مسائل، اور امریکی ڈالر کی قدر میں 178 فیصد اضافہ شامل ہیں۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں 2,160 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے کی تکمیل کے بعد منصوبے کی کل بجلی پیداوار 4,320 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔ عالمی بینک اس سے پہلے ہی منصوبے کے لیے 588 ملین ڈالر کا قرض اور 460 ملین ڈالر کی گارنٹی فراہم کر چکا ہے۔
مزید قرض کی تفصیلات کے مطابق، 800 ملین ڈالر بین الاقوامی ترقیاتی ایسوسی ایشن (IDA) کے تحت فراہم کیے جائیں گے، جبکہ 200 ملین ڈالر بین الاقوامی بحالی و ترقیاتی بینک (IBRD) سے حاصل کیے جائیں گے۔ IDA کے تحت 435 ملین ڈالر بغیر سود کے دیے جائیں گے، جبکہ باقی 365 ملین ڈالر 5.83 فیصد شرح سود پر فراہم کیے جائیں گے۔ دوسری جانب IBRD کے 200 ملین ڈالر 6.13 فیصد سود پر دیے جائیں گے۔
یہ منصوبہ ابتدائی طور پر 2023-24 میں مکمل ہونا تھا، لیکن اب اس کی تکمیل کی نئی تاریخ 2027-28 مقرر کی گئی ہے۔