لاہور۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پوتے حافظ زید حسین نواز کے نکاح کی تقریب میں مریم نواز کا لباس سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس شادی کی تقریب میں بھارتی فیشن ڈیزائنر سبیاساچی مکھر جی کی تخلیق کردہ سرخ اور سنہری رنگ کی ایک خاص پوشاک پہنی۔
اس منفرد جوڑے کا کرتا عمدہ سلک سے تیار کیا گیا ہے اور ڈوپٹہ باریک جالی والے کپڑے کا ہے۔ یہ جوڑا سبیاساچی کی نومبر میں متعارف کی جانے والی کلیکشن “ہیریٹیج برائیڈل” کا حصہ ہے، جس کی قیمت 16 لاکھ 23 ہزار پاکستانی روپے کے قریب ہے۔
یاد رہے کہ زید حسین نواز، جو حسین نواز کے بیٹے اور مریم نواز کے بھتیجے ہیں، کا نکاح 25 دسمبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی شیخ حبیب الرحمٰن کی بیٹی ایمن حبیب سے جاتی امرا میں ہوا تھا۔
زید حسین نواز کا ولیمہ آج یعنی 29 دسمبر کو جاتی امرا میں منعقد ہوگا، جس میں امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور بھارت سے مہمان مدعو ہیں۔
تقریب میں حسین نواز، ان کی فیملی اور بہن اسما ڈار بھی شرکت کر رہے ہیں، جبکہ مہمانوں کی سکیورٹی کے انتظامات پنجاب پولیس نے کیے ہیں۔
شادی کی تقریبات کے دوران جاتی امرا جانے والی سڑک کے کنارے درختوں کو روشن کر دیا گیا ہے اور مختلف مقامات پر پھولوں کے گملے رکھ کر علاقے کی تزئین و آرائش کی گئی ہے۔