اسلام آباد ۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے پاکستان تحریکِ انصاف خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر خان نے ملاقات کی، جس میں 8 فروری کو صوابی میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، جنید اکبر خان نے وزیراعلیٰ کو جلسے کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی اور جلسے کی تیاریوں کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے جلسے کے کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ 8 فروری کو صوابی انٹرچینج کے قریب خیبر پختونخوا کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس میں عوام کی بھرپور شرکت کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 8 فروری کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت کے لیے بھی درخواست دائر کی گئی ہے، جس کی سماعت مقرر ہو چکی ہے۔
ملاقات میں صوبائی وزیر فضل حکیم بھی موجود تھے، جہاں نہ صرف جلسے کے انتظامات زیرِ بحث آئے بلکہ پارٹی کے دیگر تنظیمی امور پر بھی مشاورت کی گئی۔ خیبر پختونخوا میں حالیہ تنظیمی تبدیلیوں کے بعد یہ ملاقات پارٹی حکمتِ عملی کے تعین میں اہم سمجھی جا رہی ہے۔