پشاور۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے اعتراف کیا ہے کہ پارٹی میں مختلف دھڑے موجود ہیں۔
مردان میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں حق کو حق اور باطل کو باطل کہنے کی صلاحیت رکھتا ہوں، اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان بھی کسی درست بات کو نہ مانیں تو میں اپنی صدارت سے مستعفی ہو جاؤں گا۔
جنید اکبر نے کہا کہ بدعنوان عناصر کو پارٹی میں برداشت نہیں کروں گا، میں تسلیم کرتا ہوں کہ پارٹی میں کئی گروہ سرگرم ہیں، 8 فروری کو پاکستان کا عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اداروں سے مذاکرات کا حامی ہوں، اگر ہمیں ایک قدم بڑھا کر قریب کیا جائے گا تو ہم دو قدم آگے بڑھیں گے، ہم سے ماضی میں غلطیاں سرزد ہوئیں جن کا خمیازہ آج بھگت رہے ہیں۔
جنید اکبر نے مزید کہا کہ یہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ کچھ لوگوں کو زبردستی اقتدار سونپا گیا، ہم شرافت کی زبان سمجھتے ہیں لیکن اگر دباؤ ڈالا گیا تو ہم بھی سخت ردعمل دیں گے۔