ریسلنگ کی دنیا ایک عظیم ستارے سے محروم ہوگئی، ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیجنڈ رے مسٹیریو سینئر انتقال کر گئے۔
میکسیکو کے معروف پروفیشنل ریسلر اور ریسلنگ کے میدان میں 50 سالہ شاندار کیریئر رکھنے والے رے مسٹیریو سینئر کے انتقال کی تصدیق ان کے خاندانی ذرائع اور میکسیکن ریسلنگ پروموٹرز نے کی۔
رے مسٹیریو سینئر کا شمار ریسلنگ کی دنیا کے ممتاز ناموں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے پرو ریسلنگ ریوولوشن، ٹِجوانا ریسلنگ، اور ورلڈ ریسلنگ ایسوسی ایشن جیسی بڑی ریسلنگ تنظیموں کے لیے خدمات انجام دیں۔
اپنے طویل کیریئر میں رے مسٹیریو سینئر نہ صرف ایک کامیاب ریسلر کے طور پر جانے گئے بلکہ بطور کوچ بھی ان کا اہم کردار رہا۔ انہوں نے کئی نوجوان پہلوانوں کو تربیت دی، جن میں ان کے بھتیجے اور تین بار کے ورلڈ چیمپئن، رے مسٹیریو جونیئر، بھی شامل ہیں۔
خاندانی ذرائع نے ان کی موت کی وجہ نہیں بتائی، لیکن یہ اطلاع دی گئی ہے کہ ان کے انتقال سے چند ہفتے قبل ان کے والد بھی وفات پا گئے تھے۔
رے مسٹیریو سینئر کی خدمات اور میراث ریسلنگ کے میدان میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اور ان کے چاہنے والے انہیں گہرے رنج و غم کے ساتھ یاد کر رہے ہیں۔