راولپنڈی ۔جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے چیک پوسٹ پر حملے کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 16 جوان شہید جبکہ 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 20 اور 21 دسمبر کی درمیانی شب دہشت گردوں کے ایک گروپ نے جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی۔
بیان کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے اس حملے کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا، اور فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، شدید فائرنگ کے دوران وطن کے 16 جری سپاہی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اور اس حملے میں ملوث افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، اور ہمارے شہیدوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت بخشتی ہیں۔