اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان کی ہدایت پر فواد چوہدری سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے ایک بیان میں کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات ہوئی، جہاں انہوں نے فواد چوہدری سے اعلانیہ لاتعلقی کا اظہار کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فواد چوہدری کو پارٹی کے مؤقف کی نمائندگی کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے، اور وہ میڈیا، سوشل میڈیا یا کسی پلیٹ فارم پر تحریک انصاف کی نمائندگی نہیں کر سکتے۔
پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما شعیب شاہین نے بھی جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ چیئرمین نے واضح طور پر کہا ہے کہ پارٹی چھوڑنے والے افراد کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے فواد چوہدری سے لاتعلقی کے اظہار کی ہدایات دی ہیں، اور واضح کیا ہے کہ وہ نہ تو پارٹی کے مؤقف کی نمائندگی کریں گے اور نہ ہی کسی پلیٹ فارم پر پارٹی کی ترجمانی کریں گے۔
واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد فواد چوہدری پی ٹی آئی سے الگ ہو گئے تھے لیکن بعد ازاں انہوں نے واپسی کی کوششیں کیں۔ حالیہ دنوں میں وہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر دوبارہ پارٹی سے وابستگی ظاہر کر رہے تھے۔
پی ٹی آئی کے اس اعلان پر فواد چوہدری نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف بیان ایک حالیہ شمولیت کرنے والے شخص نے دیا ہے، اور ان کا مؤقف ہے کہ وہ اس پر کوئی جواب نہیں دیں گے۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ان کی ہمدردیاں عمران خان کے ساتھ ہیں اور وہ ملک کو نقصان پہنچانے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔