اسلام آباد ۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو قانون کے شکنجے میں لانے تک یہ معاملہ ختم نہیں ہوگا۔
فوجی عدالتوں کی جانب سے 9 مئی کے سانحے کے ملزمان کو سزائیں دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آج 9 مئی کے واقعے کے 25 ملزمان کو سزائیں سنائی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور برطانیہ کی طرز پر فوری انصاف ہونا چاہیے تھا۔
سابقہ ٹوئٹر، موجودہ پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ فیصلوں میں تاخیر نے ملزمان اور ان کے حمایتیوں کی ہمت بڑھائی۔ ایک تاریک دن کی مذمت سے گریز کیا گیا، جس کے نتیجے میں شہدا اور غازیوں کی توہین کرنے والے افراد کو ہیرو کے طور پر پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک صرف ان کارکنوں کو پکڑا گیا ہے جو اس دن کے لیے استعمال ہوئے تھے، لیکن جب تک اس دن کی منصوبہ بندی کرنے والے عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا، یہ سلسلہ ختم نہیں ہوگا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ایسے لوگوں کے حوصلے بڑھانے میں وطن دشمن عناصر کا کردار شامل رہتا ہے۔