اسلام آبا د۔وزیر اعظم شہباز شریف سے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے یہاں جمعہ کو وزیر اعظم ہاﺅس میں ملاقات کی ہے ،ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کی مدارس رجسٹریشن کی تجاویز پر مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت قانون اس معاملے کوجلد از جلد حل کرنے کے لیے آئین اور قانون کے مطابق اقدامات کرے،ملاقات میں رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر کامران مرتضیٰ ، رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف , پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنائاللہ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان موجود تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مدارس رجسٹریشن کے معاملے پر وزیراعظم کے ساتھ بات چیت مثبت رہی ، ہمارا مطالبہ جائز تھا ، امید ہے ایک دو روز میں قوم کو خوشخبری دیں گے ، وزیر اعظم کی تجاویز اتحاد تنظیمات المدارس کے سامنے رکھوں گا ۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کے د و ران وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے کہ یہ بل دونوں ایوانوں سے پاس ہو چکا تھا ۔ اب یہ ایکٹ بن چکا ہے۔ جب صدر نے ایک بار اعتراض کے بعد بل ایوان کو بھیجا تو سپیکر نے اصلاح کر کے دوبارہ انکو بھیج دیا تھا اس کے بعد پھر صدر نے دوبارہ اعتراض کے ساتھ جب ایوان میں بھیجا تو آئینی مدت کے بعد بھیجا جو سپیکر تک بھی نہیں پہنچا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئین خلاف کیا گیا اقدام ہے ۔ وزیراعظم نے وزارت قانون کو معاملات کو جلد حل کرنے اور اس حوالے سے عملی اقدام کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے موقف کا انتہائی مثبت جواب آیا ہے ۔ بات چیت کے دوران وزیراعظم نے جو تجاویز دی ہیں وہ اتحاد تنظیمات المدارس کے سامنے رکھوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایوان میں معا ملہ حل نہیں ہوتا تو پھر میدان ہی رہ جاتا ہے ۔
٭٭٭٭