پشاور۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، علی امین گنڈاپور کی صدارت میں اپیکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کرم میں تمام بنکرز کو ختم کیا جائے گا اور اسلحہ اکٹھا کیا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا کے علاوہ اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ اس اجلاس میں ضلع کرم کی موجودہ صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے مطابق بنکرز کا خاتمہ اور اسلحہ جمع کرنے کا عمل کچھ مشکلات کا سامنا کرے گا، لیکن اس کے نتیجے میں حالات میں بہتری آئے گی۔
وفاقی اور صوبائی حکومت نے مشترکہ طور پر اقدامات اٹھانے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ عمائدین جرگہ کے ذریعے دونوں فریقوں سے بات چیت کی جائے گی۔
حالات کے بہتر ہونے کے ساتھ ہی سڑکوں اور راستوں کو کھولا جائے گا، اور کرم میں ادویات اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ مرکز اور صوبائی حکومت مشترکہ فیصلوں کے ذریعے حالات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔
اس سے قبل، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ بنکرز اور اسلحہ کا خاتمہ کیے بغیر پائیدار امن قائم کرنا ممکن نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کرم میں مستقل امن کی قیام کے لیے سرگرم ہیں اور کابینہ کے فیصلے کے مطابق بنکرز اور اسلحہ کا خاتمہ ضروری ہے۔