اسلام آباد۔نادرا نے جعلی تعلیمی اسناد ثابت ہونے پر ڈائریکٹر جنرل سرگودھا ریجن ذوالفقار احمد کو عہدے سے برطرف کر دیا۔
ذوالفقار احمد کی ایم بی اے ڈگری پر دستخط کرنے والے شخص اس وقت جارج میسن یونیورسٹی، امریکہ کے صدر نہیں تھے۔ مزید یہ کہ ان کی بی بی اے کی ڈگری پر درج کالج کا نام اس وقت کے اصل کالج سے مختلف تھا جب ڈگری جاری کی گئی۔
نادرا نے معاملے کی چھان بین کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے رجوع کیا، جس نے ان معلومات کی تصدیق کر دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی ایچ ای سی کے مساوی ڈگری منسوخی کے فیصلے کو برقرار رکھا۔
نادرا کی جانب سے جاری کیے گئے اظہار وجوہ کے نوٹس پر ذوالفقار احمد تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے۔ اس کے بعد، چیئرمین نادرا نے ہائی کورٹ کے فیصلے اور غیر اطمینان بخش جواب کو بنیاد بنا کر ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی۔