اسلام آباد ۔موٹر وے پولیس نے ایمانداری کی ایک اور شاندار مثال قائم کرتے ہوئے موٹر وے حادثے میں جاں بحق افراد کی کار سے برآمد ہونے والے ایک کروڑ روپے لواحقین کے حوالے کر دیئے۔
ترجمان کے مطابق، لاہور سے ملتان جانے والی کار کا ٹائر پھٹنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ کار کی تلاشی کے دوران ایک کروڑ روپے نقدی اور موبائل فونز برآمد ہوئے۔حادثے کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے دو افراد اسپتال میں دم توڑ گئے۔
بعد ازاں، سیکٹر کمانڈر شہباز عالم کی ہدایات پر لواحقین سے رابطہ کیا گیا۔ ڈی ایس پی حمید اللہ نیازی نے اپنی نگرانی میں ایک کروڑ روپے نقد اور دیگر قیمتی اشیا لواحقین کے حوالے کیں۔ڈی آئی جی سید فرید علی نے اس پورے عمل کی نگرانی کی جبکہ ایڈیشنل آئی جی علی احمد صابر کیانی نے پٹرولنگ افسران کی دیانت داری اور ذمہ داری کی تعریف کی۔یہ اقدام موٹر وے پولیس کے پیشہ ورانہ اور ایماندارانہ کردار کی بہترین عکاسی کرتا ہے، جسے عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔