دوحا۔قطر کے دارالحکومت دوحا میں کھیلے گئے فیفا ویمنز انٹرنیشنل فرینڈلی میچ میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مقابلہ دلچسپ رہا، جو ایک ایک گول سے برابر ہوا۔
دوحا کے اسپائر زون اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں دونوں ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پہلے ہاف میں سعودی عرب کی کھلاڑی تاله الغامدی نے 39 ویں منٹ میں ایک عمدہ گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
پاکستانی ٹیم نے میچ کے دوران کئی بار گول کرنے کی کوشش کی، لیکن سعودی عرب کی مضبوط دفاعی حکمت عملی نے ان کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
میچ کے اختتام سے محض دو منٹ قبل، پاکستان کی سوہا ہیرانی نے کارنر کک پر شاندار گول کرکے اسکور برابر کر دیا۔
میچ کے دوران گراؤنڈ میں موجود پاکستانی شائقین نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو خوب سراہا اور “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا کر ٹیم کا حوصلہ بڑھایا۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے ایک یادگار مقابلے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔