نئی دہلی ۔بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور “دی گریٹ انڈین کپل شو” میں اپنی مستقل موجودگی سے دل جیتنے والی ارچنا پورن سنگھ نے لیجنڈری اداکارہ ریکھا کے ساتھ کام کو اپنی زندگی کا ایک یادگار لمحہ قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ارچنا پورن سنگھ کے لیے 1989 کی فلم لڑائی میں ریکھا کے ساتھ کام کرنا کسی خواب کے پورا ہونے جیسا تھا۔ ارچنا نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک جذباتی نوٹ شیئر کیا، جس میں انہوں نے ریکھا کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کا ذکر کیا۔
ارچنا نے لکھا کہ وہ اپنے بچپن کے دنوں میں ایک چھوٹے سے قصبے میں رہتی تھیں اور ریکھا کی فلم ساون بھادوں دیکھ کر ان کی مداح بن گئی تھیں۔ تب انہیں یقین بھی نہیں تھا کہ وہ کبھی ممبئی جا سکیں گی، چہ جائیکہ ریکھا جیسی سپر اسٹار کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے۔
انہوں نے کہا کہ برسوں بعد ان کی یہ خواہش پوری ہوئی، جب انہیں فلم لڑائی میں ریکھا کے ساتھ اداکاری کا موقع ملا۔ ارچنا نے یہ بھی بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران، ریکھا نے انہیں اپنے میک اپ روم میں بلایا اور میک اپ سے متعلق قیمتی مشورے دیے، جو ان کے لیے ایک ناقابل فراموش لمحہ تھا۔
ارچنا نے اس تجربے کو اپنی زندگی کا ایک خاص اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے کسی خواب کے حقیقت بننے جیسا تھا۔ انہوں نے لکھا کہ وہ ہمیشہ سوچتی تھیں کہ کبھی ریکھا جیسی عظیم اداکارہ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا، اور قسمت نے ان پر مہربانی کی، جو ان کے لیے بے حد خاص ہے۔