لاہور۔وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی، محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے آج آئی سی سی کی میٹنگ ملتوی ہوگئی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیسے ہی کوئی حتمی فیصلہ ہوگا، قوم کو آگاہ کریں گے اور یقین دلایا کہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ توقعات سے بڑھ کر مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے ملک بھر میں کرکٹ کے فروغ اور گراؤنڈز کی بہتری پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں گراؤنڈز موجود نہیں ہیں، وہاں زمین خرید کر نئے گراؤنڈز بنائے جائیں گے، اور اس منصوبے پر کام شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنایا جائے گا تاکہ بہترین کھلاڑی سامنے آئیں۔
انہوں نے پشاور کے اسٹیڈیم کی تیاری اور ان شہروں میں ٹورنامنٹس کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا جہاں اب تک بڑے مقابلے نہیں ہوئے۔
چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے ایک سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ آئی سی سی کی میٹنگ میں کسی قبل از وقت شرط پر بات نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ عالمی کرکٹ اور قومی کرکٹ کے لیے بہترین فیصلے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا، “میں کوئی منفی بات نہیں کرنا چاہتا جو معاملات کو خراب کرے۔ بات چیت جاری ہے، اور پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔”
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ اگر آئی سی سی کو نقصان پہنچا تو اس کا اثر دنیا بھر کی کرکٹ پر پڑے گا، لیکن انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاملات بہتری کی طرف جائیں گے۔