بلاوایو ۔پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ جیت لیا، 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 108 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
بلاوایو میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 166 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے، جس کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم 15.3 اوورز میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
زمبابوے کے 3 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جبکہ سکندر رضا 39 اور ٹاڈی واناشے 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کے ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 3،3 کھلاڑی آؤٹ کیے، جبکہ حارث رؤف نے 2 اور جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیتا۔ قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 18 رنز پر گری جب اوپنر عمیر یوسف 16 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد صائم ایوب اور عثمان خان نے ٹیم کو سنبھالا، لیکن 57 کے اسکور پر صائم ایوب بھی آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 18 گیندوں پر 24 رنز بنائے، جن میں 2 چوکوں اور 1 چھکا شامل تھا۔
پاکستان کو تیسرا نقصان عثمان خان کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 13 ویں اوور کی دوسری گیند پر 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 2 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔
پاکستان کے کپتان سلمان آغا 14 ویں اوور کی دوسری گیند پر 100 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 19 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔
طیب طاہر اور عرفان خان نے شاندار ناقابل شکست اننگز کھیل کر 65 رنز کی شراکت داری قائم کی اور پاکستان کا اسکور 165 رنز تک پہنچایا۔ طیب طاہر نے 39 اور عرفان خان نے 27 رنز بنائے۔
پاکستان نے 3 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔
عثمان خان اور طیب طاہر 39، 39 رنز بناکر پاکستان کے نمایاں اسکورر رہے، جبکہ عرفان خان نے 27 رنز بنائے۔