اسلام آباد۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھو ہار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے چند میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں اسموگ یا دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
کوئٹہ اور اس کے ارد گرد موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے وادی کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور زیارت میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
علاوہ ازیں، شدید برف باری کی وجہ سے وادی کاغان کے سیاحتی علاقے ناران کو بند کر دیا گیا ہے، تاہم شوگراں اور بالاکوٹ کے راستے کھولے گئے ہیں۔
اسی دوران صوبائی دارالحکومت لاہور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر رہا ہے، جبکہ بارش کے امکانات بھی کم ہو گئے ہیں۔