لاہور۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنا ایک سنگین غلطی ہوگی۔
لاہور میں انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کے بارے میں جو باتیں کی جارہی ہیں، وہ صوبے میں دشمنی اور نفرت کے جذبات کو بڑھاوا دینے کے مترادف ہوں گی۔ پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنا بھی ایک سنگین غلطی ثابت ہوگی۔ تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کے مفاد میں سوچنا ضروری ہے۔ پی ٹی آئی کو کمزور کرنا ملکی سیاست کے لیے نقصان دہ ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ تحریک لبیک اور عوامی تحریک پر پابندی عائد کرکے کیا حاصل کیا گیا؟ جو اس وقت پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس موقف کی مخالفت کرنے والے پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمن کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ محمود اچکزئی کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے اس اقدام کی مخالفت کی۔ میری درخواست ہے کہ مجھے عمران خان سے ملاقات کا موقع دیا جائے۔