اسلام آباد۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور گزشتہ 7 ماہ کے دوران کئی غیر ملکی وفود نے ملک کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی کو ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا اور بتایا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔
تحریک انصاف کے احتجاج پر تبصرہ کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی لاشوں کی سیاست کر رہی ہے اور پرانی ویڈیوز اور تصاویر کو سوشل میڈیا پر چلا کر جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ کا بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں اور غزہ پر اسرائیلی مظالم کی ویڈیوز کو احتجاج سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ احتجاج کے دوران نہ مظاہرین پر فائرنگ ہوئی اور نہ ہی خون کے شواہد دیکھے گئے، جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاج کے دوران گاڑیاں اور جوتے چھوڑ کر فرار ہوئے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر اقتدار کی جنگ جاری ہے اور ان کے پرتشدد مظاہروں میں ملوث شرپسندوں کا تیز ترین ٹرائل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملوث افراد کو سخت سزائیں دی جائیں گی تاکہ آئندہ کوئی فورسز پر حملے کا سوچ بھی نہ سکے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ احتجاج سے دو بار بھاگ چکے ہیں اور اپنے صوبے کے امن کی کوئی پرواہ نہیں کرتے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ وہ علی گنڈاپور کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرنا بھی مناسب نہیں سمجھتے۔