کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی، کے ایس ای 100 انڈیکس نے پہلی بار ایک لاکھ پوائنٹس کا اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے آغاز سے ہی مثبت رجحان دیکھا گیا، اور انڈیکس 790 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ کی سطح کو عبور کر گیا۔
ماہرین کے مطابق، حکومتی اقتصادی پالیسیوں کی کامیابی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے باعث جمعرات کے روز انڈیکس میں 1099 پوائنٹس کی شاندار تیزی دیکھی گئی۔ اس پیش رفت کے نتیجے میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 479 پوائنٹس کی نئی بلند سطح کو چھوا۔
معیشت کی بہتری کے اشارے
ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی اس ریکارڈ ترقی سے ملک کی معیشت میں مثبت تبدیلیوں کی عکاسی ہوتی ہے۔ ان کے مطابق، پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، اور اس سے مستقبل میں نمایاں بہتری کی توقع کی جا سکتی ہے۔
وزیر اعظم کا بیان
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی اس تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ سنگ میل حکومتی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی علامت ہے۔ انہوں نے حکومتی معاشی ٹیم اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کام کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے اور معاشی استحکام کے لیے اپنی سیاست کی قربانی دی، جو اللہ کے فضل سے رائیگاں نہیں گئی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے، جبکہ مہنگائی اور شرح سود میں کمی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔