اسلام آباد ۔پی ٹی آئی کے مظاہروں کے دوران اسلام آباد کے مختلف اسپتالوں میں جاں بحق اور زخمی افراد کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، وفاقی دارالحکومت کے تین اسپتالوں میں مجموعی طور پر 10 افراد جاں بحق اور 71 زخمی لائے گئے۔ مظاہروں کے دوران سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں 6 شہری اور 4 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے۔
پمز، پولی کلینک، اور سی ڈی اے اسپتال میں کل 44 شہری زخمی اور 27 زخمی سیکیورٹی اہلکار منتقل کیے گئے۔
سی ڈی اے اسپتال میں 2 شہری زخمی لائے گئے، جن میں ایک کو آنسو گیس کے شیل سے اور دوسرے کو کندھے میں گولی لگنے سے چوٹیں آئیں۔
پمز اسپتال میں 27 پولیس اہلکار اور 14 شہری زخمی حالت میں پہنچائے گئے، جبکہ جاں بحق ہونے والے 7 افراد میں 4 سیکیورٹی اہلکار اور 3 شہری شامل تھے۔
پولی کلینک اسپتال میں 3 افراد جاں بحق اور 28 شہری زخمی لائے گئے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ رات گئے مظاہرین کے خلاف آپریشن کے دوران پی ٹی آئی نے اپنا اسلام آباد احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین سے ملاقات اور کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ان کے مطابق پرامن مظاہرین پر گولیوں کی بوچھاڑ کی گئی، جس کے نتیجے میں سینکڑوں نہتّے پاکستانی زخمی ہوئے۔