اسلام آباد۔اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں 4 رینجرز اہلکار شہید ہو گئے۔ انتظامیہ کی درخواست پر فوجی دستے ڈی چوک پہنچ گئے ہیں اور انہیں شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
اس واقعے میں رینجرز اہلکاروں کے علاوہ پولیس کے 5 جوان بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے شرپسندوں کے حملوں میں اب تک رینجرز کے 4 جوان اور پولیس کے 2 جوان شہید ہو چکے ہیں۔ مزید یہ کہ 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں پاک فوج کو طلب کیا گیا ہے، اور شرپسندوں سے سختی سے نمٹنے کے لیے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق انتشاریوں اور شرپسندوں کو فوری طور پر گولی مارنے کے واضح احکامات دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انتشار پسند اور دہشت گرد عناصر سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی دہشت گردانہ کارروائی کا سدباب کیا جا سکے۔