باکو۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے باکو میں کوپ 29 اجلاس کے دوران پیشگی اطلاعات اور بڑھتی حدت کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا آج بڑھتی ہوئی گرمی اور موسمیاتی تبدیلی کے سنگین چیلنج کا سامنا کر رہی ہے۔ پاکستان ان 10 ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہیں، اور 2022 کے تباہ کن سیلاب نے 3 کروڑ سے زائد افراد کو متاثر کیا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ گرین پاکستان پروجیکٹ میں تمام ماحول دوست اقدامات کو شامل کیا گیا ہے اور ہم کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی فنانسنگ کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔
اپنے خطاب میں نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی یافتہ ممالک کو 100 ارب ڈالر کی موسمیاتی فنانسنگ کے وعدے کو پورا کرنا چاہیے اور عالمی سطح پر آبادیوں کی حفاظت اور موسمیاتی اثرات سے بچاؤ کے لیے متحد ہو کر کام کرنا چاہیے۔