واشنگٹن۔نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق فوجی افسر اور ٹی وی میزبان پیٹ ہیگزے کو وزیردفاع نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ٹرمپ نے پیٹ ہیگزے کی نامزدگی کے بعد کہا کہ وہ ایک سخت، ذہین اور امریکا کے مفادات کے حوالے سے پختہ یقین رکھنے والے شخص ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق، جب پیٹ ہیگزے اس عہدے پر ہوں گے تو امریکا کے دشمنوں کو اس کا اثر نظر آئے گا اور امریکا کی فوج دوبارہ عظمت کی بلندیوں تک پہنچے گی۔ وہ نے مزید کہا کہ امریکا کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
پیٹ ہیگزے نے اپنے کیریئر کے دوران افغانستان، عراق اور گوانتانامو بے میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔
ٹرمپ کی انتخابی مہم میں لاکھوں ڈالر کی امداد دینے والے ایلون مسک کو بھی ایک نئے “حکومتی کارکردگی کے محکمے” کی قیادت سونپی گئی ہے۔ نومنتخب صدر کے مطابق، ایلون مسک اس محکمے کی قیادت سابق ریپبلکن پرائمری امیدوار، ارب پتی کاروباری شخص وویک راما سوامی کے ساتھ کریں گے، حالانکہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس نئے محکمے کی ساخت کیا ہوگی۔
امریکی سینیٹ پر ریپبلکن پارٹی کا کنٹرول ہے، اور حالیہ انتخابات کے نتائج کے بعد سینیٹ میں اکثریت کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں کیونکہ ووٹوں کی گنتی ابھی تک جاری ہے۔
اسی دوران، ٹرمپ کی مجرمانہ کیس سے متعلق نیویارک کی عدالت کا فیصلہ دوبارہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔ جج نے اس کیس کا فیصلہ کم از کم 19 نومبر تک ملتوی کر دیا ہے۔