فلوریڈا: ناسا نے سیارہ مشتری کے چاند یوروپا پر قابل رہائش کی خصوصیات کی تلاش کے مشن کے تحت ایک خلائی جہاز کامیابی کے ساتھ روانہ کر دیا ہے۔
یہ خلائی جہاز یوروپا کے زیر زمین سمندر کی جانچ کرے گا، جس کے بارے میں خیال ہے کہ یہ چاند کے برف کے موٹے بیرونی خول کے نیچے موجود ہے۔
امریکی خلائی ایجنسی کا یوروپا کلپر خلائی جہاز کیپ کیناورل کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے اسپیس ایکس فالکن ہیوی راکٹ کے ذریعے لانچ کیا گیا۔ یہ روبوٹک، شمسی توانائی سے چلنے والا پروب 2030 میں تقریباً 1.8 بلین میل (2.9 بلین کلومیٹر) کا سفر کرنے کے بعد مشتری کے گرد مدار میں داخل ہوگا۔
یہ لانچ گزشتہ ہفتے کے لیے منصوبہ بند تھی، لیکن سمندری طوفان ملٹن کی وجہ سے اسے ملتوی کیا گیا تھا۔
یوروپا کلپر ناسا کا سب سے بڑا خلائی جہاز ہے جو سیاروں کے مشن کے لیے بنایا گیا ہے۔ اس کی لمبائی تقریباً 100 فٹ (30.5 میٹر) اور چوڑائی تقریباً 58 فٹ (17.6 میٹر) ہے، جبکہ اس کا وزن تقریباً 13,000 پاؤنڈ (6,000 کلوگرام) ہے۔