اسلام آباد۔مجوزہ آئینی ترامیم کیلئے خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے،پیپلزپارٹی نے مزیدمشاورت کیلئے وقت دینے سے انکار کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق پیر کے روز سید خورشید شاہ کی زیر صدارت پارلیمانی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں نے شرکت کی اور مختلف پارٹی کی جانب سے بھجوائے گئے مجوزہ آئینی ترامیم مسودوں کا جائزہ لیا گیا ،عوامی نیشنل پارٹی نے بھی مجوزہ آئینی ترامیم سے متعلق اپنی تجاویز اجلاس میں پیش کیں ۔اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ،بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آئینی ترامیم پر مزید مشاورت کے لئے وقت دیا جائے تاہم اس دوران پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پہلے ہی بہت وقت ضائع ہو چکا ہے مزید وقت دینے کی گنجائش نہیں ہے جس پر بیرسٹر گوہر غصے میں آگئے اور کہا کہ حکومت کو اتنی جلدی کیوں ہے، راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یہ آئینی ترامیم کسی ایک جماعت یہ حکومت کی نہیں بلکہ عوام کے مفاد میں ہے ،تمام پارٹیوں کے مجوزہ مسودے آ چکے ہیں اسی پر آگے بڑھا جائے اور اتفاق رائے کے ساتھ ترامیم کا آغاز کیا جائے جس پر بیرسٹر گوہر نے مزید وقت دینے پر اصرار کرتے رہے ،پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کی کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے مزید وقت دینے سے انکار کر دیا جبکہ تمام آئینی ترامیم مسودہ کا جائزہ لینا شروع کر دیا ۔