اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کوئی سیاسی جماعت پاکستان سے بڑی نہیں، تحریک انصاف کی احتجاجی کال بے خبری کا مظہر ہے۔ اگر انہیں احتجاج کرنا ہے تو وہ اپنے گھروں میں بیٹھ کر کریں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےعطا تارڑ نے کہا کہ ملائشیا کے وزیراعظم کا پاکستان کا کامیاب دورہ ہوا، اس کے بعد سعودی عرب کا اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا اور اب چین کے وزیراعظم آج پاکستان میں موجود ہیں۔ اس کے بعد شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہونے والا ہے۔ ماضی میں پاکستان بین الاقوامی سطح پر تنہائی کا شکار تھا، لیکن ان سب واقعات سے واضح ہے کہ اب پاکستان تنہائی کا شکار نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت مثبت سمت میں بڑھ رہی ہے، معیشت میں بہتری آرہی ہے اور مہنگائی و شرح سود میں کمی محسوس کی جا رہی ہے۔ پاکستان اب خطے میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے اور دنیا کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ ایس سی او کانفرنس کے نتیجے میں ملک میں سرمایہ کاری آئے گی اور یہاں آنے والے مہمان خوشگوار یادیں لے کر جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ چینی وزیراعظم 11 سال بعد پاکستان آئے ہیں، چین نے ہمیشہ دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین کے بعد سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے۔ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گا۔ ایس سی او سربراہ اجلاس ایک بڑا ایونٹ ہے اور اس کا انعقاد ہمارے لیے ایک اعزاز ہے۔ ایس سی او اجلاس کے موقع پر اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اور میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹر میں سہولیات کی فراہمی پر وزارت اطلاعات کی ٹیم کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس کے پاکستان میں انعقاد سے ملک کا عالمی تشخص بحال ہوا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ہمارا وژن یہ ہے کہ ہم اپنی ثقافت اور امن پسندی کے نظریات کو فروغ دیں۔ ایک طرف خودپسندی ہے اور دوسری طرف حب الوطنی؛ کوئی سیاسی جماعت پاکستان سے بڑی نہیں۔ تحریک انصاف کی کال غیر سنجیدگی کی علامت ہے۔ یہ آپس میں لڑتے رہتے ہیں اور انہیں اپنی بات کی سمجھ نہیں۔عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں، اگر انہیں احتجاج کرنا ہے تو انہیں اپنے گھروں میں بیٹھ کر کرنا چاہیے۔