راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ آپریشنز کے دوران چار خوارج کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق، 9 اکتوبر کو ضلع بنوں کے علاقے جانِ خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ اس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو خوارج ہلاک ہو گئے۔10 اکتوبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں ایک اور آپریشن کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ اس دوران مزید دو خوارج ہلاک ہوئے، اور ان کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں، اغوا اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں مزید خوارج کی تلاش کا عمل جاری ہے، اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔