راولپنڈی: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہ اجلاس کے دوران غیر ملکی سربراہان مملکت اور مندوبین کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے راولپنڈی انتظامیہ اور پولیس نے سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں، ضلعی پولیس نے 12 سے 16 اکتوبر تک تمام شادی ہالز، کیفے، ریسٹورنٹس، اور سنوکر کلب بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ متعلقہ تھانوں کی پولیس نے تاجروں اور ہوٹل مالکان کو تحریری نوٹس جاری کیے ہیں، جن میں ان سے تحریری یقین دہانی لی گئی ہے کہ وہ مذکورہ تاریخوں میں اپنی کاروباری سرگرمیاں بند رکھیں گے۔
پولیس نے تاجروں سے لئے گئے شورٹی بانڈز میں یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ اگر کوئی خلاف ورزی کی گئی تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تاجروں نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور واضح کیا ہے کہ کسی بھی قانونی کارروائی کی صورت میں انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ شنگھائی کانفرنس کے پیش نظر، اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہر راولپنڈی میں 14 سے 16 اکتوبر تک پہلے ہی مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس دوران راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اور دفاتر مکمل طور پر بند رہیں گے، اور ایسی کاروباری سرگرمیاں بھی معطل رہیں گی جہاں مشکوک افراد کی آمدورفت کا خدشہ ہو۔