راولپنڈی: حکومت پنجاب نے راولپنڈی ڈویژن میں دو دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، اور رینجرز کی تعیناتی کے لیے وفاقی حکومت کو مراسلہ بھیج دیا گیا ہے۔صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ پابندیاں راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال کے اضلاع میں 28 اور 29 ستمبر کو نافذ ہوں گی۔ ان دو دنوں کے دوران راولپنڈی ڈویژن میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے اور احتجاج پر پابندی ہوگی۔ مزید یہ کہ اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش بھی ممنوع ہوگی۔صوبائی حکومت نے رینجرز کی 6 کمپنیاں راولپنڈی اور اٹک میں تعینات کرنے کے لیے مراسلہ بھیجا ہے، کیونکہ ہتھیاروں سے لیس شرپسند عناصر کے علاقے میں آنے کا خدشہ ہے۔ یہ اقدامات امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔راولپنڈی پولیس کی چھٹیاں اچانک منسوخ کر دی گئی ہیں اور ہنگامی حالت میں چھٹیوں پر گئے افسران و جوانوں کو واپس ڈیوٹی پر طلب کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 28 ستمبر کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کا اعلان کیا تھا، تاہم تاحال ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے بعد پی ٹی آئی نے جلسے کے مقام پر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔