نیویارک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطور سیاسی کارکن وہ “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) کو کھولنے کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ “ایکس” پر پابندی غیر اعلانیہ نہیں ہے، بلکہ یہ قومی سلامتی کے باعث عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آزادی اظہار رائے کو روکنے کی کوشش نہیں ہے، بلکہ اس پابندی کا مقصد علیحدگی پسند اور دہشت گرد گروپوں کے خطرات سے نمٹنا ہے، جو اس پلیٹ فارم کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ دہشت گرد اپنی مہمات “ایکس” پر چلا رہے ہیں اور ان کی سرگرمیوں کی لائیو کوریج بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس معاملے پر عدالت میں بھی کیس زیر سماعت ہے اور وزارت داخلہ نے اس پر اپنا جواب جمع کرایا ہے۔انہوں نے بطور پاکستانی درخواست کی کہ ان دہشت گردوں کی کارروائیوں کو روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں، کیونکہ یہ لوگ سوشل میڈیا کا غلط استعمال کر کے معصوم شہریوں کی جانیں لے رہے ہیں۔