اسلام آباد۔ پاکستان نے لبنان پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کو فوری طور پر جواب دہ ٹھہرائے، جہاں حالیہ حملوں میں سیکڑوں افراد شہید ہو چکے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے اسرائیل کی لبنان پر تازہ جارحیت کی سختی سے مذمت کی ہے، جس میں بے گناہ شہریوں کا قتل عام کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لبنان پر یہ جارحیت اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، جو پہلے سے ہی غیر مستحکم خطے میں امن و سلامتی کے لیے ایک خطرہ ہے۔ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور لبنان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم لبنان کے حقِ امن و سلامتی کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہیں اور عالمی برادری سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کی خطرناک مہم جوئی اور اس کی جارحیت کو فوری طور پر روکے۔