بنگلادیشی ٹیم کے آؤٹ راؤنڈر اور کپتان شکیب الحسن کو جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، شکیب الحسن پر 23 اگست کو ڈھاکا میں ایک گارمنٹ فیکٹری کے ملازم کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ مقتول کے والد نے مقامی تھانے میں شکیب کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔
دورہ پاکستان کے دوران شکیب الحسن پر یہ مقدمہ درج ہوا، جس کے بعد انہوں نے ٹیم کے ساتھ وطن واپس جانے کے بجائے انگلینڈ کا رخ کیا۔ وہاں سے انہوں نے بھارت کے خلاف سیریز کے لیے دہلی پہنچ کر ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے آپریشنز کے سربراہ شہریار نفیس نے کہا کہ شکیب الحسن کے ہوم گراؤنڈ میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے واضح کیا ہے کہ کسی کو غیر منصفانہ طور پر ہراساں نہیں کیا جائے گا۔
حکومتی قانونی مشیر نے بھی شکیب الحسن کی وطن واپسی پر انہیں گرفتار نہ کرنے کا یقین دلایا ہے۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اکتوبر میں بنگلادیش کا دورہ کرنے والا ہے، جہاں پہلا ٹیسٹ 21 اور دوسرا 29 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔