پشاور: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اگر مقبول ترین پارٹی کو اسپیس نہیں دی گئی تو غیر سیاسی قوتوں کو فائدہ ہوگا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ جلسے کے لیے این او سی لی ہے، لیکن شرائط اس طرح کی رکھی جاتی ہیں کہ جلسہ نہ ہو سکے۔ “یہ کوئی فلم شو نہیں ہے، کہ وقت دیا جائے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنا جلسہ وقت پر ختم کیا۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کی قیادت جلسے میں موجود تھی، جبکہ پختونخوا کی قیادت راستے بند ہونے کی وجہ سے نہ پہنچ سکی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑی ہے اور یہ ترامیم صرف اپنے فائدے کے لیے کی جا رہی ہیں۔انہوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ سختیوں کا خاتمہ کیا جائے تاکہ معاملات آگے بڑھ سکیں۔ اگر مقبول پارٹی کو اسپیس نہیں ملے گی تو غیر سیاسی قوتیں فائدہ اٹھائیں گی، اور پاکستان میں مزید تجربات نہیں ہونے چاہئیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آئینی عدالتوں کا کوئی جواز نہیں، اور ہمیں سپریم کورٹ کو مضبوط کرنا چاہیے۔ عدالت نے فیصلے میں وضاحت کے لیے چیمبر سے رجوع کرنے کا کہا تھا، اور الیکشن کمیشن نے بھی اسی مقصد کے لیے درخواست دی تھی، اس کے لیے عدالت لگانے کی ضرورت نہیں تھی۔بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ ہر جلسہ اپنے وسائل سے کیا گیا ہے، اور کبھی بھی سرکاری وسائل جلسوں کے لیے استعمال نہیں کیے گئے۔