لندن۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام نے انتشاری سیاست کو مسترد کرتے ہوئے معاشی پالیسیوں میں بہتری کو اہمیت دی ہے۔انہوں نے ملکی سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگ مہنگائی میں کمی، اپنے مسائل کے حل اور معاشی بہتری کی طلب کر رہے ہیں۔ جلسوں کے لیے لوگوں کو جمع کرنے کی کوشش کرنے کے بجائے ان کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جلسے 2028ء میں کریں گے، لیکن اس وقت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لیے محنت کرنا ضروری ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اقتصادی بحالی سیاسی استحکام سے جڑی ہوئی ہے، اور سیاسی انتشار کا مطلب عوام کو ریلیف دینے کے عمل میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔ عوام نے سیاسی استحکام کے فروغ میں کردار ادا کرکے معاشی ترقی کی حمایت کی ہے۔ قوم کا اتحاد پاکستان کے روشن اقتصادی مستقبل اور مہنگائی سے چھٹکارا حاصل کرنے کی ضمانت ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی چیلنجز اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم، سیاسی جماعتوں، اداروں اور صوبوں کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔ سیاسی افراتفری میں قوم اور ملک کا بہت وقت ضائع ہو چکا ہے، مزید وقت گنوانا ملک اور قوم کے مفاد میں نہیں۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ وفاق تمام صوبوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل، مہنگائی میں کمی اور مساوی ترقی کے لیے پُرعزم رہے گا۔ اللہ کا شکر ہے کہ مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں واپس آ گئی ہے، اقتصادی حالات میں بہتری آ رہی ہے، برآمدات میں اضافہ، روپے کی استحکام، ترسیلات میں اضافہ اور شرح سود میں کمی یہ سب اقتصادی ترقی کے واضح شواہد ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل مقصد یہ ہونا چاہیے کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو، یہی اصل کامیابی ہوگی۔ گالی، گولی، انتشار اور فساد سے معیشت نہ بہتر ہوگی اور نہ ہی معاشرت، ہر صوبہ اور ہر ادارہ عوام کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔