پشاور۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنے اہم پیغام میں کہا کہ 29 ستمبر کو میانوالی میں ایک شاندار جلسہ ہوگا۔سردار علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ایک ریاست میں دو آئین نہیں چلیں گے، لاہور کے جلسے نے ثابت کر دیا ہے کہ قوم اس وقت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ہے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ پوری قوم بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تحریک کا حصہ ہے، عمران خان کو غیر قانونی طور پر قید میں رکھا گیا ہے، نہ ہم غلامی کے لیے پیدا ہوئے ہیں اور نہ ہی ہم غلامی کو تسلیم کرتے ہیں، ہم پاکستان میں آئین کی بالادستی کے لیے کھڑے ہیں، کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان کے امن کی صورتحال کو دیکھیں اور اب کے حالات پر نظر ڈالیں، میانوالی والے تیار ہو جائیں، ہر صورت میں جلسہ کروں گا، معافیاں بھول جائیں، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔