اسلام آباد: پاکستان میں ایک ہی دن میں پولیو کے تین نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ یہ کیسز بلوچستان، سندھ، اور خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ بلوچستان کے قلعہ عبداللہ میں ایک بچہ پولیو وائرس کا شکار ہوا، جبکہ کراچی کیماری کے رہائشی ایک بچے میں بھی پولیو کی تصدیق کی گئی ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں بھی ایک بچے میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے۔
پولیو نیشنل ایمرجنسی سنٹر نے ان تینوں نئے کیسز کی تصدیق کی ہے، جس کے ساتھ رواں سال پاکستان میں پولیو کے مجموعی کیسز کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔ قومی ادارہ صحت کی انسداد پولیو لیبارٹری نے ان بچوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کی تصدیق کی ہے۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو، عائشہ رضا فاروق نے ان کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائیں اور اپنے بچوں کی ویکسینیشن لازمی کروائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان پولیو کے خاتمے کے لئے پہلے سے زیادہ پُرعزم ہے۔