اسلام آباد۔ تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے الزام لگایا ہے کہ ان کے دو اراکین اسمبلی کو غائب کر دیا گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کمیٹی میں خفیہ گفتگو ہوئی ہے، جو کہ رات کے اندھیرے میں کی جا رہی ہے، اور حکومت نے آج بھی بل ہمارے ساتھ شیئر نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اور حکومت نے ووٹنگ کی کوئی تاریخ نہیں دی۔ مولانا فضل الرحمان کی کسی تجویز پر عمل نہیں ہوا، ہم نے صرف سنا ہے اور کوئی تجویز نہیں دی۔ اجلاس شروع ہونے والا ہے لیکن بل ابھی تک کسی کے پاس نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ دو ستمبر کو ہم نے اپنے ارکان پارلیمنٹ کو ووٹ دینے کی ہدایات جاری کر دی تھیں، اور ہم نے ہدایات کی کاپی مکمل فائل کے ساتھ سپیکر آفس میں بھی جمع کرائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دو اراکین اسمبلی رابطے میں نہیں ہیں، اور ان کی گمشدگی کے بارے میں خصوصی کمیٹی کو آگاہ کر دیا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ان دو اراکین کے علاوہ باقی تمام اراکین پارلیمنٹ رابطے میں ہیں اور ہم نے ان کی گمشدگی کی نشاندہی کر دی ہے۔