میڈرڈ: ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ ٹائپ 2 ذیابیطس کے علاج کے لیے منظور شدہ دوائیں، سیمیگلوٹائڈ اور ٹائرزیپاٹائڈ، ٹائپ 1 ذیابیطس میں مبتلا افراد کو بھی وزن کم کرنے اور بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کر سکتی ہیں۔
یہ تحقیق اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں یورپین ایسوسی ایشن فار دی اسٹڈی آف ڈائیبیٹیز کے سالانہ اجلاس میں پیش کی گئی۔ محققین نے رپورٹ میں بتایا کہ موٹاپے یا زیادہ وزن کا شکار ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریضوں نے جب مونجارو (ٹائرزیپاٹائڈ) کا استعمال کیا، تو ان کے روزانہ انسولین کے استعمال میں کمی واقع ہوئی۔
تحقیق کے مطابق، سیمیگلوٹائڈ اور ٹائرزیپاٹائڈ دونوں دواؤں نے مریضوں کو وزن کم کرنے میں مدد فراہم کی، جو بلڈ شوگر کو بہتر کنٹرول کرنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔