وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگ زیب نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان بہت جلد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 7 ارب ڈالر کے قرضے کے معاہدے پر دستخط کرنے والا ہے۔ اس معاہدے کی تفصیلات عوام کے سامنے پیش کی جائیں گی اور متوقع طور پر 25 ستمبر کو اس کی منظوری مل جائے گی۔
محمد اورنگ زیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کے بورڈ کے اگلے اجلاس میں اس قرضے کی منظوری کی توقع ہے اور یہ پاکستان کے لیے آخری قرضے کا پروگرام ثابت ہو سکتا ہے، بشرطیکہ پاکستان اسٹرکچرل تبدیلیوں پر عمل درآمد کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاہدہ عوامی سطح پر لایا جائے گا تاکہ سب کو اس کی تفصیلات معلوم ہو سکیں۔
سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے آئی ایم ایف سے اتنی بہتر ڈیل حاصل نہیں کی تھی۔ وزیرِ خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت کا بنیادی ڈھانچہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور برآمدات بڑھائے بغیر اقتصادی نمو میں اضافہ ممکن نہیں۔
سینیٹر محمد اورنگ زیب نے وضاحت کی کہ معاہدے کے تحت جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس کا تناسب 13 فیصد سے زائد رکھنا ہوگا اور سرکاری اداروں اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔