ایک نئی تحقیق کے مطابق، ایک جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) ٹیکنالوجی، جو “ملٹن” کے نام سے معروف ہے، ہزاروں بیماریوں کی تشخیص علامات ظاہر ہونے سے کافی عرصہ قبل کر سکتی ہے۔
ملٹن ایک کمپیوٹر الگورڈم ہے جو مریضوں کے معائنے کے نتائج کا تجزیہ کرتا ہے، ڈیٹا میں موجود پیٹرن کو پہچانتا ہے، اور برسوں بعد ہونے والی بیماریوں کی پیش گوئی کرتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کا مقصد بیماری کی تشخیص اور علاج کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔
دوا ساز کمپنی ایسٹرازینیکا، جو اس AI ٹیکنالوجی کو تیار کر رہی ہے، کا کہنا ہے کہ ملٹن کی مدد سے زیادہ مؤثر اور ٹارگٹڈ علاج کی تیاری میں تیزی آئے گی۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے دیگر محققین کے لیے ڈیٹا کو باآسانی دستیاب کیا جا سکتا ہے، جس سے بیماریوں کی روک تھام کے لیے ڈائگنوسٹک ٹیسٹ تیار کیے جا سکیں گے اور ابتدائی مراحل میں علاج ممکن ہوگا۔
نئی ٹیکنالوجی: صحت کی نگرانی کے لئے آپ کی انگلی ہی کافی
تحقیقی مطالعے کے لیے ایسٹرازینیکا نے یو کے بائیو بینک سے حاصل شدہ پانچ لاکھ افراد کے ڈیٹا کا استعمال کیا۔ ملٹن نے اس ڈیٹا کا تجزیہ کرتے ہوئے 67 معمول کے کلینیکل بائیو مارکرز (جس میں خون اور پیشاب کے ٹیسٹ، بلڈ پریشر، نظام تنفس کی کارکردگی، وزن، عمر اور جنس شامل ہیں) کا جائزہ لیا۔
ملٹن نے خون کی پلازما میں موجود تین ہزار پروٹینز کے لیے 50 ہزار بائیو بینک رضاکاروں کے ڈیٹا کا بھی تجزیہ کیا۔ یہ پروٹینز جسم کے مختلف افعال، بشمول مدافعتی اور ہارمونل نظام، میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔