ریاض: سعودی عرب میں ایک اہم طبی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 16 سالہ نوجوان میں دنیا کا پہلا روبوٹک ہارٹ ٹرانسپلانٹ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
دارالحکومت ریاض میں واقع کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹر میں یہ عالمی سطح کی کامیابی حاصل کی گئی ہے۔ اس کامیابی کے بعد ٹرانسپلانٹ کے عمل سے متعلق مختلف طبی پیچیدگیوں کو حل کیا جا سکا ہے۔
یہ ٹرانسپلانٹ تقریباً اڑھائی گھنٹے تک جاری رہا، جس کی نگرانی سعودی سرجن ڈاکٹر فیرس خلیل نے کی۔ یہ عمل متعدد ہفتوں کی شدید تیاری کے بعد انجام پایا۔
اس جراحی کا آغاز ایک تفصیلی منصوبہ بندی سے ہوا، جس کا مقصد عمل کی درستگی اور ممکنہ خطرات کو کم کرنا تھا۔ اس کے بعد، ٹیم نے ایک خاص طریقہ کار کے ذریعے مریض کے دل تک رسائی حاصل کی اور سینہ چیرے بغیر ٹرانسپلانٹ مکمل کیا۔
یہ طریقہ کار مؤثر انداز میں انجام دینے کے لیے، ٹیم نے مریض کے ٹرانسپلانٹ سے قبل تین دن تک سات بار ورچوئل سرجری کی مشق کی۔ اسپتال کی میڈیکل کمیٹی اور مریض کے خاندان کی منظوری کے بعد، ڈاکٹر فیرس خلیل نے ایک ماہر ٹیم کا انتخاب کیا اور سرجری سے قبل ہر رکن کے کردار کا تفصیل سے جائزہ لیا۔