لاس اینجلس: پیرس اولمپکس 2024 کی اختتامی تقریب میں خطرناک اسٹنٹس کرنے والے ہالی ووڈ ایکشن اسٹار ٹام کروز کی پرفارمنس کے معاوضے سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے۔
12 اگست کو ہونے والی پیرس اولمپکس 2024 کی اختتامی تقریب میں 62 سالہ ٹام کروز نے فرانس کے نیشنل اسٹیڈیم کی چھت سے چھلانگ لگا کر اولمپک گیمز کا جھنڈا وصول کیا اور اسے اگلے میزبان شہر لاس اینجلس پہنچایا۔
ٹام کروز نے 50 میٹر کی بلندی سے چھلانگ لگا کر تمام حاضرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی تھی۔ اختتامی تقریب میں ٹام کروز کی پہلے سے ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی، جس میں وہ اسکائی ڈائیونگ کرتے ہوئے لاس اینجلس کے تاریخی مقام ہالی ووڈ پہنچے، جہاں انہوں نے اولمپکس کا جھنڈا لہرایا۔
اب لاس اینجلس اولمپکس (LA28) کی صدر اور چیئرپرسن کیسی واسرمین نے ٹام کروز کے ان اسٹنٹس کے حوالے سے اہم تفصیلات فراہم کی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، کیسی واسرمین نے بتایا کہ ٹام کروز نے اپنی پرفارمنس کے لیے کئی ہفتے محنت اور ریہرسل کی، لیکن اس دوران انہوں نے پیرس اولمپکس کی اختتامی تقریب میں اپنی خطرناک پرفارمنس کے لیے کوئی معاوضہ نہیں لیا۔