لاہور۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ کی فنانس اور ڈویلپمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب کی 112 تحصیلوں میں چیف منسٹر کلینک آن ویل منصوبے کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان 112 تحصیلوں میں 444 کلینک آن ویل وین فراہم کی جائیں گی، جن میں الٹراساؤنڈ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
پنجاب فلم فنڈ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان ریجن میں بارڈر آؤٹ پوسٹس کی اپ گریڈیشن اور تعمیر و بحالی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
کابینہ نے قائد اعظم بزنس پارک، شیخوپورہ میں ایم ٹو موٹروے پر انٹرچینج کی تعمیر کی منظوری دی۔ چن دا قلعہ چوک، گوجرانوالہ میں فلائی اوور کی تعمیر اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25 میں نارووال کرتار پور کوریڈور سکیم پر بھی اتفاق کیا گیا۔
میانوالی سے سی پیک انٹرچینج، داؤد خیل میں اضافی کیرج وے کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا۔ دہلی ملتان روڈ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت تین سڑکوں کو دو رویہ بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ نے ملتان وہاڑی روڈ کو بھی دو رویہ سڑک بنانے کی ہدایت دی۔