اسلام آباد: بار ایسوسی ایشن نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ریاست علی آزاد، اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر شکیل عباسی، پاکستان بار کونسل کے رکن علیم عباسی اور دیگر وکلا رہنماؤں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران شیر افضل مروت اور بیرسٹر گوہر کی گرفتاریوں کی پرزور مذمت کی۔
علیم عباسی نے اس موقع پر بتایا کہ اسلام آباد کے وکلا کی منتخب قیادت کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا، جس میں تمام شرکاء نے متفقہ طور پر ملک میں آئین اور قانون کی خلاف ورزی کی مذمت کی۔
پولیس پارلیمنٹ ہاؤسں میں داخل،متعدد پی ٹی آئی رہنما گرفتار
انہوں نے کہا کہ وکلا ہمیشہ پارلیمنٹ کی بالادستی کے حامی رہے ہیں اور ہر سیاسی جماعت کو جلسے کرنے کا حق حاصل ہے۔ وکلا نے ہمیشہ آئین کی پاسداری کی ہے اور ہمارے تین وکلا کی رہائی تک تمام بارز ایک صفحے پر ہیں۔ علیم عباسی نے مزید کہا کہ لوگوں کا جمہوریت پر اعتماد کم ہو رہا ہے، اور ہمیں اس کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھنی ہوگی۔