اسلام آباد: پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری میں مزید تاخیر ہو گئی ہے۔ بورڈ کے حالیہ اجلاس کے شیڈول میں پاکستان کو دوبارہ شامل نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 18 ستمبر کو منعقد ہوگا، جس میں بورڈ سرینام کے 7 ویں جائزے کی منظوری دے گا۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 12 جولائی کو ہوا تھا، مگر ذرائع کے مطابق پاکستان ابھی تک 2 ارب ڈالر کے بیرونی فنانسنگ گیپ کو پورا کرنے میں مشکلات کا شکار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرونی فنانسنگ کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے پاکستان نے 1.75 ارب ڈالر کے کمرشل قرض کے لیے درخواست دی ہے۔ پاکستان نے اسلامی ٹریڈ فنانس کارپوریشن سے 40 کروڑ ڈالر، اسلامی ڈویلپمنٹ بینک سے 35 کروڑ ڈالر، اور سعودی عرب سے 1.2 ارب ڈالر قرض کی درخواست دی ہے۔